اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق کل لوک سبھا میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران نے اسرائیلی حملوں میں بڑی تعداد میں بے قصور مسلمانوں کے مارے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف ایوان میں مذمتی قرار داد پاس کرنے کا مطالبہ کیا تاہم پارلیمانی امور کے وزیر ایم کے وینکیا نائيڈو نے کہا کہ یہ ایک حساس موضوع ہے ، فلسطین اور اسرائیل کے بارے میں ملک کی ایک حتمی پالیسی ہے اور حکومت کے کسی اقدام کا اثر خارجہ پالیسی پر نہیں پڑنا چاہئے، حکومت کا تجویز لانے کا کوئی ارادہ نہيں۔ اس پر کانگریس ، ترنمول کانگریس ، مارکسی کمیونسٹ پارٹی ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور ديگر جماعتوں کے اراکین نے زبردست احتجاج کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ پی ڈی پی کی رکن پارلیمنٹ محبوبہ مفتی نے اس معاملے پر بحث کے لئے تحریک التواء کا نوٹس پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جب کہ صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے خلاف ہندوستانی عوام کا احتجاج بڑھتا جارہا ہے اس ملک کی پارلیمنٹ سے فلسطینوں کی حمایت میں متحد موقف اپنانے کا مطالبہ کیا ۔ کل سرینگر کے عوام نے بھی مظاہرے کرکے فلسطینوں کے خلاف اسرائیل کی بربریت کی مذمت کی۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں سے ہندوستان کے مختلف شہروں ميں اسرائیل مخالف مظاہرے ہورہے ہيں اور مظاہرین صہیونی حکام کو جنگي جرائم کے سبب ہیگ کی بین الاقوامی عدالت میں سزا دیئے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲